ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : دیشپانڈے نے کیا کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ 

بھٹکل : دیشپانڈے نے کیا کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ 

Wed, 02 Mar 2022 20:53:54    S.O. News Service

بھٹکل،2؍مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل اربن بینک کے ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں سابق وزیر آر وی دیشپانڈے نے کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام دوست پالیسیوں کو لاگو کرنے میں دونوں سطح پر حکومت پوری طرح ناکام ہوئی ہے اس لئے حکومت کی تبدیلی ناگزیر ہوگئی ہے۔

دیشپانڈے نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ماضی میں اپنی پالیسیوں سے پچھڑے طبقات اور اقلیتوں کو بہت ہی زیادہ فائدہ پہنچایا ہے اس لئے اب اس پارٹی کو مستحکم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔  

انہوں نے کہا کہ جب ریاست میں سدارامیا کی حکومت تھی تو ہر حلقہ اسمبلی کے لئے فنڈ کی رقم ندی کی طرح بہتی تھی ۔ مگر اب بی جے پی حکومت میں تعمیری اور ترقیاتی کام ٹھپ پڑ گئے ہیں ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سےعام افراد کنگال ہوگئے ہیں ۔ ایسی عوام مخالف حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے ہر کسی کو تیار ہوجانا چاہیے۔ 

آر وی دیشپانڈے نے آئین کی توہین کرنے والے ریاستی وزیر ایشورپا کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے یوں تو اس بیان کی مذمت کی لیکن متعلقہ وزیر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ یہ ملک سے غداری کا معاملہ ہے۔ 

انہوں نے کانگریس پارٹی کی طرف سے چلائی میکیداٹو پد یاترا کے تعلق سے بتایا کہ یہ پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ لاکھوں لوگ خود اپنی مرضی سے اس میں حصہ لے رہے ہیں ۔ یہ بات ریاستی حکومت کو ہضم نہیں ہورہی ہے ۔اس لئے پدیاترا میں شریک لوگوں پر کیس داخل کیے جارہے ہیں ۔ ہم پوری ہمت کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے ۔

سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کو کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیتے ہوئے بلاک سطح پر کم از کم 25 ہزار ممبرس بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔ 

سابق وزیر آر این نائک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کینرا، اڈپی اور شیموگہ  ضلع میں نامدھاری، بیلّوا، اور ایڈیگا جیسے پچھڑے طبقات کی آبادی زیادہ ہے ۔ کانگریس پارٹی کی وجہ سے انہیں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا ہے ۔ لیکن حالیہ دنوں میں انہیں طبقات کے نوجوان کانگریس پارٹی کے پروگراموں میں کم دکھائی دیتے ہیں ۔ ہمارے مستقبل کے لئے پچھڑے طبقات کے نوجوانوں کو ہی کانگریس پارٹی کی طرف لانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں پچھڑے طبقات کے لئے افراد کسی اور کی زمینوں پر "گینی" کرکے زندگی گزارتے تھے ۔ لیکن کانگریس پارٹی نے لینڈ ریفارمس ایکٹ کے ذریعہ انہیں ان زمینوں کا مالک بنا دیا ۔ سابق وزیر دیشپانڈے کے ذریعے نامدھاری، موگیر دیواڈیگا، گونڈا، ہالکّی گوڈا اور دیگر پچھڑے طبقات کے لوگوں کو کانگریس سے بہت زیادہ فوائد حاصل ہوئے ہیں ۔ یہ باتیں ان کے باپ دادا کو معلوم ہے ۔ لیکن پچھڑے طبقہ کے نوجوان دوسروں کی سیاسی باتوں پر قربان ہوتے جارہے ہیں ۔ ان کا مستقبل برباد کیا جارہا ہے ۔ اگر اب بھی نہیں جاگے تو آنے والے دنوں میں بہت بڑے خطرہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

اس موقع پر کانگریس ضلع صدر بھیمنّا نائک ، سابق ایم ایل اے جے ڈی نائک  اور بھٹکل تعلقہ انچارج ویرونیکا نے بھی خطاب کیا ۔ بھٹکل بلاک صدر سنتوش نائک نے استقبالیہ تقریر کی ۔ بھٹکل بلاک سیکریٹری سریش نائک نے نظامت کی ذمہ داری ادا کی ۔  

اسٹیج پر ضلع انچارج آرادھیا ، ضلع اقلیتی سیل کے صدر عبدالمجید ، سشما ریڈی ، ایل ایس نائک ، راما موگیر ، سومیا گونڈا وغیرہ موجود تھے ۔


Share: